Friday, April 26, 2024

کراچی میں موسلا دھار بارش، کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق

کراچی میں موسلا دھار بارش، کرنٹ لگنے سے دو افراد جاں بحق
August 10, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں مون سون کے دوسرے اسپیل کی دھواں دھار اننگ جاری ہے،آبر رحمت وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں برس رہا ہے، شاہراہیں اور گلیاں بھی زیر آب آگئیں جبکہ  کرنٹ لگنے سے نوجوان سمیت 2 افراد جاں بحق جبکہ 6 مویشی ہلاک ہوگئے ، ادھر بارش کے باعث  کے الیکٹرک کا نظام بھی ہمت ہارگیا، بیشتر علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔ شہر قائد میں گرجتے بادل جم کر برسے ڈیفنس، کلفٹن، سی ویو، قیوم آباد، کورنگی، لانڈھی، شارع فیصل، ملیر اور ماڈل کالونی سمیت بیشتر علاقوں میں بارش نے جل تھل کردیا۔ سولجر بازار ڈولی کھاتہ میں کرنٹ سے 17 سالہ نوجوان جبکہ منگھوپیر میں بھی ایک شخص جاں بحق ہوگیا جبکہ  ڈولی کھاتہ میں ہی  کرنٹ سے چار اور ملیر میں دو مویشی بھی ہلاک ہوگئے۔ دوسری جانب مختلف شاہراہیں بھی تالاب بن گئی ہیں جبکہ کئی موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں بھی خراب ہو گئیں ۔ رم جھم شروع ہوتے ہی کے الیکٹرک نے ایک بار پھردغا دے دیا اور  ڈیفنس، کلفٹن، قیوم آباد، کورنگی،  ملیر، کھوکھرا پار، گلستان جوہر، ناظم آباد ،  صدر سمیت درجنوں علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی۔ ادھر سٹی کورٹس کا احاطہ بھی تالاب بن گیا، ایک سیکشن کا عملہ کام چھوڑنے پر مجبور ہو گیا جب کہ  پراسیکیوشن اور اہم مقدمات کاریکارڈ بارش میں بھیگ گیا جس کے باعث وکلا، سائلین  اور قیدیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔