Thursday, April 25, 2024

کراچی میں موسلا دھار بارش، شہر پانی میں ڈوب گیا

کراچی میں موسلا دھار بارش، شہر پانی میں ڈوب گیا
July 26, 2020

کراچی ( 92 نیوز ) کراچی میں موسلا دھار بارش کے باعث شہر پانی میں ڈوب گیا، نشیبی علاقے زیر آب آنے سے شاہرات اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے ہیں ۔

مون سون اپنے جوبن پر  ، کراچی میں تیسرے اسپیل نے رنگ جمادیا  ، پہلے کالی گھٹائیں، اور پھر بادل گرجتے ہیں خوب برسنا شروع ہوگئے ۔

شہر قائد میں بادل ڈھائی گھنٹے تک جم کر برسے  اور سارا شہر جل تھل کردیا  ، شاد مان نالہ اوور فلو ہوگیا ، جس کے باعث سڑکوں پر گھٹنوں تک پانی جمع ہوگیا  جبکہ سیوریج کا پانی قبرستان میں بھی داخل ہوگیا، اور علاقہ مکین بھی گھروں میں ہی محصور ہوگئے  ، اسکیم 33 میں بارش کا پانی گھروں میں داخل ہوگیا  ، گلستان جوہر کی گلیاں سوئمنگ پول بن گئیں، اور گاڑیاں پانی میں ڈوبی رہیں ۔

ناظم آباد کی سڑکیں بھی تالاب بنی رہیں  ، ملیر جمعہ گوٹھ میں بھی انتہائی بدتر صورتحال رہی   اور 2 سے 3 فٹ تک  پانی جمع ہوگیا  ،  تیز بارش کے باعث سوک سینٹر کے قریب 2 فٹ تک پانی جمع ہوگیا  جبکہ شارع فیصل سمیت دیگر  سڑکیں بھی تالاب کا منظر پیش کرتی رہیں  ، سخی حسن فلائی اوور کے سامنے سڑک دریا کا منظر پیش کرنے لگی ۔

برسات تیز ہوتے ہی شارع فیصل سے گزرنے والے  شہری فلائی اوور کے نیچے کھڑے ہوگئے  جبکہ  کارساز کے مقام پر پانی جمع ہوگیا، لیکن اس دوران ٹریفک پولیس اہلکار اپنے فرائض انجام دیتے رہے ۔

کراچی میں سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 86.2 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی  ،  گلستاں جوہر اور یونیورسٹی روڈ پر78.5،سرجانی میں 68.4، جناح ٹرمینل میں 57.6، صدر میں 51،کیماڑی میں 48.5، نارتھ کراچی 47.3، فیصل بیس میں 43،ناظم اباد میں 27.5، کلفٹن میں 21.4 اور پی اے ایف مسرور 18 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔