Friday, March 29, 2024

کراچی میں مقبوضہ کشمیر کے لوگ نہیں رہتے طاقت کے ذریعے کسی کا دل تسخیر نہیں ہوتا:الطاف حسین

کراچی میں مقبوضہ کشمیر کے لوگ نہیں رہتے طاقت کے ذریعے کسی کا دل تسخیر نہیں ہوتا:الطاف حسین
April 23, 2015
کراچی (92نیوز)متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ  کراچی کے عوام مقبوضہ کشمیر کے عوام نہیں ہیں،عوام کے خلاف طاقت کا ناجائز استعمال کرکے یا انہیں خوف زدہ کرکے لوگوں کے دلوں کو تسخیرنہیں کیاجاسکتا۔ انہوں نے کہاکہ روح سے روح اور دل سے دل کا رشتہ ہوتا ہے ،میں لوگوں کے دلوں میں رہتا ہوں اور طاقت کا ناجائز استعمال کرکے عوام کے دلوں سے میری محبت ختم نہیں کی جاسکتی اورنہ ہی لوگوں کو خوف زدہ کیاجاسکتا ہے۔ جناح گراونڈعزیزآبادمیں ایم کیوایم کے مرکزی الیکشن سیل میں ایم کیوایم کے ذمہ داروں ،کارکنوں اورہمدردوں سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ ضمنی الیکشن میں ایم کیوایم کی کامیابی کے حوالہ سے ہم پراعتماد ہیں، اگر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے عوام کو حق رائے دہی کے استعمال میں تاخیری حربے استعمال نہ کیے گئے تو انشاءاللہ ایم کیوایم کے نامزد امیدوار بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگا اور ایم کیوایم ماضی کے ریکارڈ توڑدے گی ۔ انہوں نے کہاکہ میڈیا کھل کربتارہا ہے کہ ضمنی الیکشن کے دوران رینجرز کی جانب سے آئین اور قانون شکنی کی گئی، رینجرز اہلکاروں کی جانب سے عوام سے یہ پوچھا جارہا ہے کہ وہ کس کو ووٹ دیں گے جوکہ قطعی نا قابل قبول ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بعض چیزوں کی تعریف کیلئے لغت میں الفاظ نہیں ملتے اور تعریفی الفاظ کم پڑ جاتے ہیں۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 کے ضمنی الیکشن کے دوران عوام بالخصوص خواتین نے تمام ترمشکلات کے باوجود جو جراتمندانہ کردارادا کیا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔ اتنے بہادر بزرگ،مائیں ،بہنیں اور ساتھی ایم کیوایم کے سوا کسی جماعت میں نہیں ہیں۔ الطاف حسین نے محنت ولگن سے دن رات کام کرنے پر ایم کیوایم کے تمام ذمہ داروں ، منتخب نمائندوں ، کارکنوں اور ہمدرد عوام کو دل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ میں آپ سب کو گلے لگاکرآپکے ماتھوں پر ہزاروں بوسے دے رہا ہوں اور سب کو شاباش پیش کررہاہوں۔ الطاف حسین نے ایماندارانہ رپورٹنگ پر میڈیا کے نمائندوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔