Friday, April 26, 2024

کراچی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش ، سڑکوں پرکئی فٹ پانی جمع

کراچی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش ، سڑکوں پرکئی فٹ پانی جمع
July 28, 2020

کراچی ( 92 نیوز)  کراچی میں مسلسل تیسرے روز بھی بارش، نارتھ کراچی،اورنگی ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن میں بادل برس پڑے ۔ میمن  گوٹھ،سہراب گوٹھ، نیو کراچی، ناظم آباد، لانڈھی، کورنگی  میں بارش برسی ۔

کراچی کا موسم پل میں تولہ پل میں ماشہ،بادلوں اور سورج میں  آنکھ مچولی کاسلسلہ جاری ہے ، گزشتہ روز ڈسٹرکٹ سینٹرل میں بارش نے بہت تباہی مچائی تھی، گلبہارکی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کر رہی تھیں،آج بھی وہاں بارش کے آثار موجود ہیں  کہیں پانی جمع ہے تو کہیں کیچڑ سے برا حال ہے۔

کراچی میں عجب موسم ہے ،کبھی بادل ،کبھی سورج ، کبھی بارش تو کبھی دھوپ ہے ، ایسا بھی ہورہاہےکہ ایک طرف ہلکی بارش تو دوسری طرف دھوپ نکلی ہوئی ہے ۔

آج لانڈھی،ملیر،کورنگی،شاہ فیصل کالونی اورگلستان جوہر میں ہلکی بارش ہوئی ، ناظم آباد،لیاقت آباد،عزیزآباد میں بھی  رم جھم لگی رہی۔

دوسری جانب  ڈسٹرکٹ سینڑل میں گذشتہ روز ہونے والی بارش کےآثارآج بھی نمایاں ہیں ، گلبہاراورناظم آباد  میں سڑکوں پر بارش کا پانی جمع ہے ، شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

کےڈی اےچورنگی کے قریب ایمبولینس بھی  پانی خراب ہوگئی  ، کچھ فاصلے پر ایک مزدہ ٹرک سڑک  میں دھنس گیا ، شہری کہتے ہیں، انتظامیہ کب ہوش کےناخن لے گی۔

لیاقت آباد میں صورتحال اور زیادہ خراب ہے ،بارش کاپانی توچلا گیالیکن پیچھے کچرے اور گندگی کےڈھیر چھوڑگیا ، مکین کہتےہیں یہ گندگی بیماریوں کو سبب بنے گی مطالبہ کرتےہیں کہ انتظامیہ متحرک ہواور صفائی کے انتظامات کروائے۔