Thursday, April 18, 2024

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے غیرقانونی دفاتر ختم کرنے کا فیصلہ

کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے غیرقانونی دفاتر ختم کرنے کا فیصلہ
August 25, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر سیل اور مسمار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ پارک کی زمین پر قائم خورشید بیگم ہال اور لال قلعہ گراونڈ میں غیرقانونی تعمیرات کی تحقیقات شروع کر دی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز نائن زیرو اور مختلف دفاتر سیل کیے جانے کے بعد غیرقانونی تعمیرات مسمار کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطح کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ایم کیو ایم کے تمام تر سیکٹر اور یونٹ دفاتر کو ناصرف سیل کیا جائےگا بلکہ تفریحی مقامات‘ رہائشی فلیٹس میں غیرقانونی طور تعمیر کیے گئے دفاتر کو بھی مسمار کیا جائے گا۔ خود وزیراعلیٰ سندھ نے اس فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔ دوسری جانب خورشید بیگم ہال اور لال قلعہ گراونڈ میں کی جانے والی تعمیرات کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق خورشید بیگم ہال پارک کی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے جوکہ غیرقانونی ہے جبکہ لال قلعہ گراونڈ کی بھی کچھ یہی صورتحال ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ایم کیو ایم کے غیرقانونی طور پر قائم سیکٹر اور یونٹ آفسز کے خلاف کارروائی کا عندیہ دیا ہے۔ کراچی میں ایم کیو ایم کے دو سو دس یونٹس اور اٹھائیس سے زائد سیکٹر دفاتر ہیں۔