Thursday, April 25, 2024

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک جا پہنچا

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک جا پہنچا
July 24, 2020
کراچی (92 نیوز) سائیں سرکار سندھ کے حالات نہ بدل سکی، پانی ملتا نہیں، بجلی آتی نہیں، شہری ہیں کہ بنیادی سہولیات سے بھی محروم ہیں، کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10 گھنٹے تک جا پہنچا۔ حبس اور گرمی کے موسم میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے عوام کو سخت پریشان کر رکھا ہے، جبکہ صوبائی حکومت وفاق پر اور وفاق پیپلز پارٹی پر الزام تراشیوں میں مصروف ہے۔ عوامی سماعتیں اور شوکاز نوٹس بھی بیکار، کراچی میں گھنٹوں بجلی بندش کا سلسلہ برقرار ہے، شہر میں بجلی کی آنیاں جانیاں جاری ہیں، مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 10گھنٹے تک جا پہنچا۔ قائد آباد، لانڈھی، ملیر، کورنگی اور شاہ فیصل کالونی میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ برقرار ہے، گلستان جوہر، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد میں بھی طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ شہری کہتے ہیں کے الیکٹرک  پرنوٹسز کا اثرنہیں، حکومت عملی کارروائی کرے۔ شہری اووربلنگ سے بھی پریشان ہیں، تین چار ہزار سے بات اب دس بارہ ہزار تک جاپہنچی ہے۔ پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے خوشخبری سنائی کہ وفاق نے کام شروع کردیا ،امید کرتے ہیں ہمارے ہی دور میں یہ مسئلہ حل ہوگا۔ سندھ کے اپوزیشن رہنما لوڈ شیڈنگ کا ذمہ دار سندھ حکومت کو قرار دیتے ہیں،،،کنورندیم جمیل اور نصرت سحر عباسی کا کہنا ہے کہ مسائل کا اب سندھ حکومت کے بس کی بات نہیں۔ ذمہ دار کوئی بھی ہو، اس وقت سب سے زیادہ ازیت میں کراچی کے عوام ہیں،،، شہریوں نے اپیل کی کہ کے الیکڑک کا لائسنس معطل کر کے کسی ذمہ دار کمپنی کو بجلی کی ترسیل کا نظام دیا جائے۔