Thursday, March 28, 2024

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا بحران تھمنے کا نام نہیں لے رہا

کراچی میں لوڈشیڈنگ کا بحران تھمنے کا نام نہیں لے رہا
July 19, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں لوڈشیڈنگ کا بحران تھمنے کا نام نہیں لے رہا، شہریوں کو نہ رات میں سکون اور نہ ہی دن میں آرام نصیب ہو رہا ہے، وفاقی وزیر اسدعمر اور گورنر عمران اسماعیل کی جانب سے بجلی کی غیراعلانیہ بندش نہ ہونے کے دعوے بھی ہوا میں اڑ گئے، کراچی والوں کی مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہیں۔ اضافی گیس بھی مل گئی۔ وفاق کی جانب سے بجلی بھی فراہم کی گئی، لیکن کے الیکٹرک کی ہٹ دھری برقرار ہے۔ وفاقی وزیر اسد عمر اور گورنر سندھ کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اور کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند نہیں کیا جاسکا۔ شہر قائد میں بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، مختلف علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بنادی گئی ہے۔ ملیر، لانڈھی، کورنگی، شاہ فیصل کالونی، گلستان جوہر، گلشن اقبال، بلدیہ ٹاؤن، لائنز ایریا، اورنگی ٹاؤن، قائد آباد، کیماڑی اور لیاقت آباد سمیت درجنوں علاقوں کے مکین آج بھی لوڈشیڈنگ کا عذاب برداشت کرنے پر مجبور ہیں۔ کے الیکٹرک کی ڈھٹائی کا عالم یہ ہے کہ مینٹیننس کے نام پر بھی گھنٹوں بجلی بند کرکے گرمی میں شہریوں کی مشکلات میں اضافہ کیا جارہا ہے۔