Friday, April 26, 2024

کراچی میں لوڈشیڈنگ پر پی ٹی آئی کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی کیمپ

کراچی میں لوڈشیڈنگ پر پی ٹی آئی کا کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی کیمپ
July 6, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ پر پی ٹی آئی نے کے الیکٹرک ہیڈ آفس کے باہر احتجاجی کیمپ لگا لیا۔ احتجاج کام آرہا ہے نہ شہریوں کی کوئی سن رہا ہے۔ کراچی میں کے الیکٹرک کے وار جاری ہیں، آٹھ سے دس گھنٹے لوڈ شیڈنگ شہریوں کیلئے عذاب بن گئی۔ اوور بلنگ نے بھی شہریوں کو پریشانی سے دوچار کردیا۔ پانچ ہزار کی جگہ 15 سے 20 ہزار کا بل آرہا ہے، کے الیکٹرک دفاتر میں بھی کوئی شنوائی نہیں ہورہی۔ شہری ہی نہیں صنعتکار بھی لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے پریشان ہیں، کہتے ہیں  موجود حالات میں کاروبار ناممکن ہو گیا ہے۔ بجلی کی بندش اور اوور بلنگ کےخلاف تحریک انصاف نے دوسرے دن بھی کے الیکٹرک کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاج  کیا جس میں ارکان اسمبلی بھی شریک ہوئے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسلم خان نے اپنی گاڑی کے الیکٹرک کے دروزے کے سامنے لگا دی، پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا بجلی آتی نہیں لیکن لمبے چوڑے بل آجاتے ہیں، اس ظلم پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ مظاہرین نے کے الیکٹرک کے مرکزی دروازے کا گھیراؤ کیا تو انتظامیہ نے دروازے بند کر لئے۔ ادھر نیپرا نے کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کا نوٹس لے لیا۔ کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے حقائق جاننے کیلئے جمعہ کو عوامی سماعت کا فیصلہ کر لیا۔