Friday, April 19, 2024

کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 6 تاجروں کے خلاف مقدمہ درج

کراچی میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 6 تاجروں کے خلاف مقدمہ درج
April 23, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی ٹمبر مارکیٹ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر پولیس نے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر سمیت 6 تاجروں کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔ کراچی میں مارکیٹیں نہ کھل سکیں۔ تاجروں کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا ۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹمبر مارکیٹ کی دکانیں احتجاجاً کھول دیں۔ آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر حماد پونا والا 92 نیوز سے گفتگو  کرتے ہوئے  سندھ حکومت پر خوب گرجے اور برسے کہا سندھ حکومت اب تک کاروبار کیلئے ایس او پیز ہی نہیں بنا سکی ، تاجروں کو صرف لالی پاپ دیا جارہا ہے۔ تاجروں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے پر پولیس نے ٹمبر مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے آل سٹی تاجر اتحاد کے صدر سمیت 6 تاجروں کو گرفتار کرکے دکانیں سیل کر دیں۔ اسسٹنٹ کمشنر عاصمہ بتول نے اس موقع پر کہا کہ کھولی گئیں دکانوں کو سیل کیا گیا ہے ، بغیر اجازت کسی کو کاروبار کرنے اجازت نہیں دیں گے۔ ادھر سندھ تاجر اتحاد نے صوبائی حکومت کو ایس او پی تیار کرنے کے لیے دو روز کا وقت دیتے ہوئے یکم رمضان سے دکانیں کھولنے کا اعلان کر دیا۔ تاجر رہنماؤں نے مزید کہا کہ اب مذاکرات کا وقت ختم ہو چکا، اگر جیل بھرو تحریک بھی شروع کرنی پڑی تو کرینگے۔ ٹمبر مارکیٹ میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کا مقدمہ نیپئر  تھانے میں تاجروں کے خلاف درج کر لیا گیا  ہے جس میں ہنگامہ آرائی ، کار سرکار میں مداخلت اور 144 کی خلاف ورزی کی دفعات شامل کی گئیں ہیں۔