Tuesday, May 21, 2024

کراچی میں فلور ملز کے باہر آٹا 43 روپے فی کلو بیچا گیا

کراچی میں فلور ملز کے باہر آٹا 43 روپے فی کلو بیچا گیا
January 20, 2020
کراچی ( 92 نیوز)  حکومتی وعدوں اوردعوؤں کے باوجود کراچی کے بازاروں میں آٹے کی قیمت آسمان سے  باتیں کررہی ہے  لیکن وزیراعلیٰ کی ہدایت کے بعد فلور ملز کے باہر آٹا 43 روپے فی کلو میں فروخت کیا گیا۔ بے قابو ہوتی مہنگائی نے شہریوں کا جینا مشکل بنادیا  ، کراچی میں فائن آٹا 65 اور چکی کا آٹا 70 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے  ، منافع خوروں کو لگام دینے والا کوئی نہیں ۔ روز مرہ استعمال کی چیزوں کی قیمتیں پہلے ہی آسمان سے باتیں کررہی ہے ، ایسے میں آٹے جیسی بنیادی ضرورت کی قیمت میں اضافہ عوام پر کسی بم سے کم نہیں ۔ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر شہر کی مختلف فلار ملز پر آٹا 43 روپے فی کلو میں فروخت کیا جانے لگا  ، جہاں بڑی تعداد میں مرد اورخواتین سستا آٹا  خریدنے پہنچ گئے  لیکن عام بازاروں میں کسی قسم کی بہتری نہ آسکی ۔ فلور ملرز ایسوسی ایشن نے آٹے کی قلت اور مہنگا ہونے کی ذمہ داری سندھ اور وفاقی حکومت پر ڈال دی  ۔ا دھر  وزیر زراعت اسماعیل راہو کا کہنا ہے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر حیدرآباد، ٹھٹہ، لاڑکانہ اور سکھر سمیت دیگر اضلاع میں سستے آٹے کے اسٹالز لگائے ہیں  ، جبکہ کراچی میں 22 سے 25 بچت بازاروں میں اسٹالز لگائے گئے ہیں ۔