Tuesday, April 23, 2024

کراچی میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق

کراچی میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق
May 21, 2019
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں فائرنگ سے تین افراد جاں بحق ہو گئے ۔ دوسری جانب سی ٹی ڈی نے سہراب گوٹھ سے دو دہشتگرد گرفتار کر کے تخریب کاری کا منصوبہ خاک میں ملا دیا ، ادھر بنارس میں پولیس مقابلے کے دوران خاتون سمیت تین ملزم زخمی ہو گئے ۔ کراچی میں فائرنگ سے تین افراد جان کی بازی ہار گئے ۔  نادرن بائی پاس کے قریب زمین کے تنازعے پر گولیاں چل گئیں، جس کے نتیجے میں تین افراد کی زندگی کا چراغ بجھ گیا، جن میں دولت خان، شاہ آغا اور محمد آصف شہوانی شامل ہیں، ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کہتے ہیں قاتلوں کو جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔ ادھر سی ٹی ڈی  نے حساس اداروں کے ہمراہ سہراب گوٹھ میں کارروائی کرتے ہوئے  دو دہشت گرد گرفتار کر  لئے ۔  ایک سہولت کار کو بھی حراست میں لے لیا جبکہ  دو خودکش جیکٹس بھی برآمد کرلیں ۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق دہشت گرد ماہ صیام میں تخریب کاری کا منصوبہ بنارہے تھے۔ دوسری جانب بنارس کے قریب پولیس مقابلے میں خاتون سمیت تین ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا، پولیس نے بتایا کہ ملزم آصف خان، شہباز اور مریم کانسٹیبل دانش سے لوٹ مار کررہے تھے، کارروائی میں اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے۔ دوسری جانب کراچی میں ایم کیو ایم لندن کے دو ٹارگٹ کلرز گرفتار کر لئے گئے ۔ایس ایس پی سی ٹی ڈی مرتضیٰ بھٹو کےمطابق  گرفتار ٹارگٹ کلرزکی شناخت عاقب گولڈن اورعامربھیا کے نام سےہوئی ہے۔ ملزم عاقب گولڈن  لینڈگریبنگ ،ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردوں کواسلحہ فراہم کرنےمیں ملوث ہے  جبکہ ملزم عامربھیا ٹارگٹ کلنگ اوربھتہ خوری کی وارداتوں میں ملوث ہے،جو تاج محمد اور محمدآصف نامی شہریوں کو قتل کرچکا ہے۔ ملزم عامربھیا جلاؤ گھیراؤکی وارداتوں میں بھی ملوث رہا ہے۔ ادھر ابراہیم حیدری کے قریب سمندر میں کشتی ڈوب گئی ، کشتی میں سوار 7میں سے 5افراد کو بچالیا گیا جب کہ دو کی تلاش کا عمل جاری ہے ۔ڈوبنے والوں میں کبیر اور زبیر شامل ہیں۔