Thursday, April 25, 2024

کراچی میں غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا عذاب کردیا

کراچی میں غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا عذاب کردیا
June 28, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی میں کے الیکٹرک کی جانب سے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ جس کے باعث دن بھر گرمی کے ستائے شہریوں کو رات کے وقت بھی سکون نصیب نہیں ہورہا، جبکہ ساتھ ہی اضافی بِلوں نے شہریوں کو دہرے عذاب کا شکار بنادیا۔ کراچی الیکٹرک کے مظالم جاری ہیں۔ غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا عذاب بنادیا۔ شدید گرمی اور بجلی کی طویل بندش سے کراچی کے شہری دہائیاں دینے پر مجبور ہوگئے۔ مختلف علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول بنادی گئی، جبکہ 100 فیصد ریکوری والے علاقے میں بجلی کے بحران سے محفوظ نہیں۔ کراچی الیکٹرک کی نااہلی سے تنگ شہری بھی پھٹ پڑے، اور کہتے ہیں بجلی آتی نہیں، لیکن اضافی بِلوں نے پریشان کرکے رکھا ہوا ہے۔ شہر قائد میں گلستان جوہر، گلشن اقبال، بلدیہ ٹاؤن لائنز ایریا، رنچھوڑلائن اور اورنگی ٹاؤن میں 6 گھنٹے، جبکہ قائد آباد، ملیر، شاہ فیصل کالونی کورنگی، کیماڑی اور دیگر علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔