Friday, March 29, 2024

کراچی میں عید کی خریداری کا آخری روز افراتفری کی نذر رہا

کراچی میں عید کی خریداری کا آخری روز افراتفری کی نذر رہا
May 8, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں عید کی خریداری کا آخری روز افراتفری کی نذر رہا، وقت کم اور مقابلہ سخت کے مصداق شہری بڑی تعداد میں مارکیٹوں میں جا پہنچے، تاہم عید کی شاپنگ کے چکر میں کورونا ایس او پیز کو بھول گئے۔ شام 6 بجتے ہی انتظامیہ نے تمام مارکیٹیں بند کرادیں۔

کراچی میں عید کی شاپنگ کا آخری دن افراتفری میں گزرا، ہر کسی کو خریداری کی فکررہی،ہر مارکیٹ میں شہریوں کا جم غفیررہا۔ زینب مارکیٹ ہو طارق روڈیا حیدری بازار، خواتین، بچے، بوڑھے، نوجوان سب ہی شاپنگ میں مگن نظر آئے۔

رش لگتا رہا مگر شہری جان کی پروا ہ کیے بغیر اپنی اشیا خریدتے رہے، کسی کو کورونا کی یاد تک نہ آئی،ایس اوپیز پر عملدرآمد کرنا بھول ہی گئے۔

اس موقع پر شہری بولے حکومت کو چاندرات تک ریلیف دینا چاہئے تھا۔ رش کی وجہ سے خریدار ی میں بے حد مشکلات ہورہی ہیں۔

حکومتی احکامات کے تحت شام 6 بجتے ہی انتظامیہ اور پولیس نے تمام دکانیں بند کرانی شروع کردیں۔ تاہم رش کے باعث انتظامیہ نے دکانداروں کو آدھے گھنٹے کا ریلیف دیا۔ اس دوران شہریوں کے پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی اور ہاتھا پائی کے واقعات بھی رونما ہوئے۔

دوسری جانب محکمہ داخلہ سندھ نے بیکریز اور دودھ کی دکانوں کا وقت بڑھا دیا۔ ترمیمی حکم نامے کے تحت بیکریاں اوردودھ کی دکانیں اب رات 12 بجے تک کھلی رہیں گی۔