Friday, April 19, 2024

کراچی میں عام مریضوں کے انتقال کی شرح بڑھ گئی

کراچی میں عام مریضوں کے انتقال کی شرح بڑھ گئی
April 16, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں عام مریضوں کے انتقال کی شرح بڑھ گئی۔ فیصل ایدھی کے مطابق اپریل کے 13 دنوں میں 387 لاشیں سہراب گوٹھ مردہ خانے لائی گئیں۔ سندھ میں کورونا وائرس سنگین صورتحال اختیار کرنے لگا ۔ آج بھی 6 مریض وائرس کا شکار ہو کر دم توڑ گئے ۔ سندھ میں انتقال کر جانے والوں کی تعداد 41 ہو گئی ۔ سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 150 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 668 تک جا پہنچی ۔ سندھ حکومت کے ترجمان کا کہنا ہے نئے کیسز میں زیادہ تعداد لوکل ٹرانسمیشن کی ہے جبکہ اب تک 16 ہزار 26 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں ۔ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد نجی اسپتالوں میں تشویشناک مریضوں کو داخل نہ کرنے کا معاملہ بھی سامنے آگیا۔ جناح اسپتال میں 119 افراد مردہ حالت ایمرجنسی لائے گئے جبکہ 2 ہفتے کے دوران 99 افراد اسپتال پہنچنے کے بعد انتقال کرگئے ۔ ڈائریکٹر جناح اسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے اموات کی وجہ معلوم کرنے کے لئے سیکرٹری صحت کو خط لکھ دیا ہے ۔ عباسی شہید اسپتال میں 82 اور کے آئی ایچ ڈی میں 279 افراد کا انتقال ہوا ۔ اسپتالوں میں داخل اور آنے والے مریض مختلف امراض کا شکار تھے ۔