Sunday, April 28, 2024

طبی عملہ مسلسل کورونا وائرس کا شکار ہونے لگا

طبی عملہ مسلسل کورونا وائرس کا شکار ہونے لگا
April 29, 2020

اسلام آباد ( 92 نیوز) طبی عملہ مسلسل کورونا وائرس کا شکار ہونے لگا ،  قومی ادارہ برائے امراض قلب کی 6 نرسز کورونا وائرس کا شکارہوئی ہیں۔

کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرز کی تعداد میں آئے روز اضافہ ہونے لگا، اسلام آباد میں تعداد 16 ہوگئی، مجموعی طور پر 438 ہیلتھ کیئر ورکرز کورونا سے متاثر ہوئے، ڈاکٹرز اور ہیلتھ اسٹاف کا اپنی جیب سے کٹس خریدنے کا بھی انکشاف ہوا۔

کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر رہنے والے ڈاکٹر اور پیرامیڈیکل اسٹاف کی مشکلات کم نہ ہوئیں، وزارت قومی ہیلتھ ایمرجنسی نے رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق اب تک 438 ہیلتھ کئیر ورکرز میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

کورونا وائرس سے 210 ڈاکٹرز، 67 نرسز جبکہ 161 میڈیکل کیئر اسٹاف متاثر ہوا، ملک بھر میں 7 ڈاکٹرز جان کی بازی ہار گئے، 200 آئسولیشن وارڈ، 137 مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں جبکہ 94 صحت یاب ہوکر ڈسچارج ہوگئے ہیں۔

قومی ادارہ برائے امراض قلب کراچی کی 6 نرسز کرونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں،  ینگ نرسز کے رہنما اعجاز کلیری نے مطالبہ کیا ہے انتظامیہ دیگر نرسز کو تحفظ فراہم کرے،ڈاؤ اسپتال اوجھا میں بھی ایک نرس کورونا وائرس کا شکار ہوئی۔

اسلام آباد میں متاثرہ ڈاکٹرروں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا،پمز میں2روز میں4مزید ڈاکٹرز شکنجے میں آگئے،خطرات بھی پولی کلینک انتظامیہ کو نہ ہِلا سکے، نرس کا کورونا پازیٹو آگیا مگر نرسنگ اسکول میں کلاسز جاری ہیں۔

اسلام آباد میں ڈاکٹر اور دیگر اسٹاف مسلسل حفاظتی کٹس نہ ملنے کی شکایت کررہا ہے، پولی کلینک اسپتال میں ڈاکٹرز کا اپنی جیب سے کٹس لینے کا بھی انکشاف ہوا ہے، ڈاکٹر اور نرسز ایک کٹ تین تین ہفتے پہننے پر  مجبور ہیں۔