Sunday, May 5, 2024

کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کا پلڑا بھاری،غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

کراچی میں ضمنی بلدیاتی انتخابات میں جیالوں کا پلڑا بھاری،غیر حتمی غیر سرکاری نتائج
December 23, 2018
کراچی ( 92 نیوز) شہرقائد میں ضمنی بلدیاتی الیکشن کے ٹاکرے میں  جیالوں کا پلڑا بھاری رہا ، غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق 10 نشستیں حاصل کرلیں، ایم کیو ایم 7 نشستوں کے ساتھ دوسری جبکہ  تحریک انصاف کو ایک نشست پر فتح ملی۔ کراچی کے ضمنی بلدیاتی الیکشن کا میدان پیپلزپارٹی کے نام رہا ، غیر سرکاری، غیر حتمی نتائج  کے مطابق  پی پی نے کراچی میں  10 سیٹیں لے لیں ،  جیتنے والوں میں چیئرمین ،وائس چیئرمین اور کونسلرز بھی شامل ہیں ۔ دوسری جانب  پتنگ کی اونچی اڑان پر بھی  سب حیران ہوگئے، ایم کیو ایم کو سات نشستوں پر کامیابی مل گئی۔  روشنیوں کے شہر میں بلا نہ چلا، تحریک انصاف کو اب تک صرف ایک نشست پر کامیابی ملی ہے ۔  یوسی 18 سے ڈاکٹر نیاز احمد 944 ووٹ لیکر چیئرمین منتخب  ہوگئے تاہم تحریک انصاف کو ماضی میں جیتی ہوئی نشست یوسی 45 پر پی پی کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پچیس میں سے تین نشستوں پر بلامقابلہ انتخاب ہوا ،  باقی بائیس پر ووٹنگ ہوئی جن میں 114 امیدواروں میں مقابلہ ہوا ،تاہم ٹرن آوٹ نہایت کم رہا، یہ نشستیں منتخب ارکان کے انتقال اور استعفوں کی وجہ سے خالی ہوئیں تھیں۔