Friday, April 26, 2024

کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا

کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا
August 4, 2019

 کراچی (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے آج سے کراچی میں صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ۔ اس سلسلے میں 10 ہزار رضا کار مہم میں شریک ہوں گے ۔

پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور معاشی حب، کراچی ہے لیکن سب سے زیادہ مسائل کا گڑھ بھی ہے ۔ گلیاں، محلے اور بازار  ہر جگہ کچرے کے ڈھیر ہیں۔

اب کراچی میں بھرپور صفائی ہو گی۔ وفاقی وزیر علی زیدی نے ذمہ داری اٹھائی ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ ہیڈ آفس سے "آؤ کراچی صاف کریں" مہم کا آغاز ہوگیا جس میں شرکت کیلئے 10 ہزار رضاکاروں نے رجسٹریشن کروائی اور کراچی کو کچرے سے صاف کرنے کا عزم کیا ۔

صفائی مہم کا مقصد صرف کچرا اٹھانا ہی نہیں، بلکہ کراچی والوں کو صاف ستھرا شہر رکھنے کیلئے آگہی دینا بھی ہے ۔ مہم کے پہلے مرحلے میں شہر کے  بڑے نالوں کو کچرے سے صاف کیا جائے گا تاکہ نکاسی آب کا نظام بہتر ہو سکے ۔

کراچی میں صفائی مہم 2 ہفتے تک جاری رہے گی ۔ نالوں کی صفائی کے بعد شہر میں جگہ جگہ موجود کچرا ٹھکانے لگایا جائے گا۔

کے پی ٹی ہیڈ آفس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر علی زیدی کہا کہ شہر کو صاف دیکھنا چاہتے ہیں۔ پہلے نالوں کی صفائی کریں گے پھر شہرسے کچرا اٹھائیں گے۔

علی زیدی نے کہا کہ کراچی  کا پیسہ دبئی چلا جاتا ہے۔ مشورہ دیا کہ دبئی میں کم پیسے بھیج کر تھوڑے پیسے کراچی پر بھی لگا دیں۔

 وفاقی وزیر نے ایف ڈبیلواو کی تعیناتی پر پاک فوج کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سب ملکر کام کریں گے تو شہر صاف ہو جائے گا۔

 ادھر میئر کراچی وسیم اختر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئےحال دل بیان کیا اور کہا کہ تین برسوں سے شہر کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ سندھ حکومت سے کئی بار اپیل کی کہ شہر کو صاف کرے لیکن کسی نے توجہ نہیں دی۔

وسیم اختر نے کہا کہ دس برسوں میں کراچی کا بیڑا غرق کیا گیا۔ حساب مانگنے والے پہلے خود حساب دیں۔