Tuesday, April 23, 2024

کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب خوفناک دھماکہ، 15 افراد جاں بحق، 16 زخمی

کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب خوفناک دھماکہ، 15 افراد جاں بحق، 16 زخمی
December 18, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں شیرشاہ پراچہ چوک کے قریب خوفناک دھماکے میں 15 افراد جاں بحق جبکہ 1 زخمی ہوگئے۔

دھماکے میں زخمی ہونے والے تین افراد کی حالت تشویشناک ہے، مرنے والوں میں ایم این اے عالمگیر خان کے والد بھی شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکہ نالے میں گیس بھر جانے سے ہوا، امدادی سرگرمیوں کے دوران ایک اور دھماکہ ہوگیا، ایک شخص کی میت نالے سے نکالی گئی۔ دو منزلہ عمارت نالے کے اوپر تعمیر کی گئی تھی۔

عینی شاہدین کے مطابق چند روز قبل بھی گیس پائپ لائن میں دھماکا ہوا تھا، کوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

کراچی دھماکے کا وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لے لیا، کمشنر کو تفیصلی انکوائری کرنے کا حکم دیدیا۔ سیکرٹری صحت کو سول اسپتال میں زخمیوں کو تمام ضروری سہولیات فوری فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔

صوبائی وزیر سعید غنی کا کہنا ہے غالب امکان ہے کہ دھماکہ گیس بھرنے سے ہوا، عمارت غیر قانونی طور پر نالے پر بنی ہوئی تھی۔ کراچی میں بدقسمتی سے ہزاروں عمارتیں نالوں پر بنی ہیں۔ غیر قانونی عمارتوں کے خلاف آپریشن میں سیاسی جماعتیں آڑے آتی ہیں۔ لوگوں کی طرف سے بھی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کراچی دھماکے میں قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی۔