Friday, April 26, 2024

کراچی میں شہریوں نے فائرنگ سے امام مسجد کو زخمی کرنیوالے ملزم کو دھر لیا

کراچی میں شہریوں نے فائرنگ سے امام مسجد کو زخمی کرنیوالے ملزم کو دھر لیا
November 1, 2020
کراچی (92 نیوز) کراچی کے علاقے جمشید روڈ میں شہریوں نے فائرنگ سے علاقے کی مسجد کے پیش امام مفتی عبداللہ کو زخمی کرنے والے ملزم کو دھرلیا۔ پولیس کے مطابق ملزم ڈکیت ہے اور مزاحمت پر گولی چلائی، جبکہ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے ملزم ڈکیت نہیں بلکہ حملہ آور تھا۔ ڈکیتی یا ٹارگٹ کلنگ کی کوشش ؟، کراچی میں جمشید روڈ پر فائرنگ سے مسجد کے پیش امام زخمی ہوگئے، شہریوں نے ملزم کوموقع پر ہی دبوچ لیا۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش ہی نہیں کی، اور مفتی عبداللہ کے قریب آتے ہی فائرنگ کردی، فرار ہونے کی کوشش میں ایک ملزم گر گیا، جسے شہریوں نے پکڑکر عمارت کے تہہ خانے میں بند کردیا۔ پولیس موقع پر پہنچی اور ملزم کو تھانے لے جانے کی کوشش کی تو شہریوں نے گھیراؤ کرلیا، لیکن پولیس بچاتے بچاتے تھانے لے گئی۔ ملزم کے موبائل فون سے ایک پولیس ایس ایچ او کا نمبر بھی ملا ہے۔ عائشہ منزل کے قریب پٹرول پمپ میں لوٹ مار کی فوٹیج بھی سامنے آگئی، ایک موٹرسائیکل پر 2 ملزمان نے کیشیئر سے بآسانی رقم چھین لی ،، اور دوران لٹیرے اسلحہ کے زور پر دیگر افراد کو ڈراتے بھی رہے۔ دوسری جانب اسمگل شدہ ٹائروں کی خریدوفروخت کی اطلاع پر کسٹمز حکام کی کارروائی کیخلاف پرانی سبزی منڈی پر دکانداروں نے احتجاج کیا۔