Sunday, September 8, 2024

کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا

کراچی میں سی ٹی ڈی کی کارروائی ، دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا
April 11, 2019

 کراچی (92 نیوز) کراچی میں سی ٹی ڈی نے کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا اور تخریبی کارروائی کیلئے افغانستان سے کراچی آنے والے دہشتگرد کو گرفتار کرکے خودکش جیکٹ اور اسلحہ برآمد کر لیا۔

سی ٹی ڈی انچارج راجہ عمرخطاب کے مطابق کالعدم تنظیم کا دہشتگرد اسحاق عرف گُل افغانستان سے بلوچستان کے راستے کراچی تخریب کاری کیلئے آیا تھا جس سے خودکش جیکٹ، دستی بم اور دیگر اسلحہ برآمد کیا گیا۔

گرفتار ملزم قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں اور کور  کمانڈر کراچی پر حملے میں بھی ملوث ہے جبکہ بینک ڈکیتیوں اور اغوا کی وارداتیں بھی کرچکا ہے۔ گرفتار دہشتگرد کے کئی ساتھی مقابلوں میں مارے جا چکے ہیں، جبکہ متعدد کو شکنجے میں لیا جاچکا ہے۔

 قبل ازیں سی ٹی ڈی نے کراچی میں انتخابات کے دوران تخریب کارروائی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے کالعدم تنظیموں کے 4 دہشت گرد گرفتار کیئے تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دہشت گرد سیاسی شخصیات پر حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

 گرفتار دہشتگردوں ميں ابوبکر، محمد جواد، ابراہيم اور فہد شامل تھے۔ ایس ایس پی سی ٹی ڈی جنید شیخ کے مطابق دہشت گرد انتخابات کے دوران سیاسی شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔

 سی ٹی ڈی حکام کے مطابق  ملزمان جنوبی وزیرستان ایف سی کی چوکیوں پر حملوں میں بھی ملوث تھے۔