Friday, April 19, 2024

کراچی میں سی این جی اسٹیشن کو کل سے گیس کی فراہمی شروع

کراچی میں سی این جی اسٹیشن کو کل سے گیس کی فراہمی شروع
December 14, 2018
کراچی (92 نیوز) سندھ حکومت کا احتجاج اور وفاقی وزرا کی کراچی یاترا رنگ لے آئی۔ کراچی میں سی این جی اسٹیشن کو کل سے گیس کی فراہمی شروع کر دی جائے گی۔ ایس ایس جی سی ترجمان نے کہا کہ گھمبٹ سے آنے والی لائن کا پریشر بحال ہو رہا ہے۔ کل سی این جی اسٹیشن کو گیس کی سپلائی بحال کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سپلائی مکمل بحال ہونے پر تمام صارفین کو گیس کی فراہمی بہتر جائے گی۔ اس سے پہلے وفاقی وزیر پیٹرولیم غلام سرور نے وزیراعلی مرادعلی شاہ سے ملاقات کی۔ شکوے شکایت بھی ہوئے اور یقین دہانی بھی کروائی گئیں۔ وزیراعلی  سندھ نے  وفاقی حکومت کےماتحت گیس، پیٹرولیم اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیز میں سندھ کی نمائندگی کا مطالبہ کیا اور کہا کہ کراچی میں چارسو انڈسٹریل یونٹ ہیں جہاں ایک لاکھ سے زائد مزدور ہیں۔ گیس کی بندش سے ہزاروں مزدوروں بے روزگار ہو رہے ہیں۔ مراد علی شاہ نے مطالبہ کیا کہ وفاقی حکومت فوری طور پر گھریلو وصنعتی صارفین کو گیس کی سپلائی شروع کرے۔ مشیر اطلاعات سندھ مرتضی وہاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی سندھ نے وفاقی حکومت کےساتھ مستقل مسائل کے حل کے لیے کمیٹی کی تجویز دی۔ صوبائی وزرا کا کہنا تھا کہ سب سے زیاد گیس سندھ میں پیدا ہوتی ہے ، اسی لئے پہلا حق بھی سندھ کا ہے۔