Thursday, April 25, 2024

کراچی میں رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر دھماکے سے آتشزدگی، 5 افراد جھلس گئے

کراچی میں رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر دھماکے سے آتشزدگی، 5 افراد جھلس گئے
December 21, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی میں یونیورسٹی روڈ موسمیات کے قریب رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر زوردار دھماکے سے آگ لگ گئی،، جس کے نتیجے میں پانچ افراد جھلس گئے، پولیس کے مطابق واقعہ گیس لیکیج کے باعث پیش آیا تھا۔

کراچی میں گیس لیکیج سے ایک اورزوردار دھماکہ ہوا۔ ییونیورسٹی روڈ پر موسمیات کے قریب رہائشی عمارت کی تیسری منزل پر ہوئے دھماکے کی آواز دور دورتک سنائی دی۔

دھماکے کے بعد پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد واقعہ میں زخمی ہونے والے پانچ افراد کو سول اسپتال برنس وارڈ منتقل کیا گیا جن کی شناخت رﺅف جبار، زینب، عبدالقادر کے نام سے ہوئی جبکہ
ایک بچی شناخت نہ ہوسکی۔

عمارت کی اوپری منزل کے رہائشی نے بتایا کہ فلیٹ 6 ماہ سے بند تھا اور ایک اسٹیٹ ایجنٹ کسی فیملی کو دکھانے لایا تھا جبکہ ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ ممکنہ طور گیزر کی گیس لیکیج دھماکے کا سبب بنی۔

واقعے کے فوری بعد بم ڈسپوزل یونٹ کو بھی طلب کیا گیا جس نے ابتدائی طور پر واقعے کو گیس لیکیج ہی قرار دیا ہے تاہم تحقیقات کے بعد ہی حتمی رپورٹ مرتب کی جائے گی۔