Friday, March 29, 2024

کراچی میں رات اور علی الصبح کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع

کراچی میں رات اور علی الصبح کہیں ہلکی کہیں تیز بارش، نشیبی علاقوں میں پانی جمع
October 6, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں رات اور علی الصبح کہیں ہلکی کہیں تیز بارش ہوئی جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں مغربی ہوائیں اثر دکھانے لگیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی تو کہیں تیز بارش ہوئی۔ گلستان جوہر اور اطراف کے علاقوں میں تیز بارش جبکہ ملیر کینٹ اور اطراف کے علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی جس سے شہر قائد کا موسم تو سہانا ہو گیا لیکن نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا اور ٹریفک کی روانی متاثرہوئی۔ کورنگی، ڈیفنس، ملیر، ماڈل کالونی، ایئرپورٹ، گلشن اقبال اور دیگر علاقوں میں کے الیکٹر ک کے ناقص سسٹم کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ سندھ کے مختلف شہروں میں بادل کھل کر برسے۔ حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، گھوٹکی، صالح پٹ، شکارپور، خیرپور، نوابشاہ اور جیکب آباد میں بارشوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ پنجاب کے مختلف علاقوں میں بھی بارش سے خنکی بڑھ گئی۔ احمد پور شرقیہ، چنی گوٹھ، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی سردی نے دستک دیدی۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں بارشوں کے ساتھ ژالہ باری نے سردی میں اضافہ کر دیا۔ ادھرکوہِ سلیمان کے پہاڑی سلسلے میں بارش سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔ لنڈی سیدان، میراں پور اور حاجی پور کے کچھ علاقوں کو شدید خطرہ ہے ۔ ندی نالوں کے حفاظتی بندوں کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ موسم کی خبر دینے والوں کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے جنوبی علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ خیبر پختونخوا، کشمیر، جنوبی پنجاب، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں بھی چند مقامات پر بادل برسیں گے۔ آئندہ ہفتے مغربی ہواوں اور مون سون  ہواوں کے ٹکراو کے باعث بیشتر علاقوں میں بارشوں کا امکان ہے۔ بدھ سے اتوار کے دوران خیبرپختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں اکثر مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بادل برسنے کا امکان ہے۔