Thursday, May 9, 2024

کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک

کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک
February 8, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنا دیا گیا۔ شاہ لطیف میں سی ٹی ڈی اور حساس اداروں نے مکان پر چھاپہ مارا۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور 5 گرفتار ہو گئے۔

رات گئے سی ٹی ڈی افسران اور اہلکار مکمل تیاری کے ساتھ دہشتگردوں کے ٹھکانے پر پہنچے۔ دہشتگردوں نے سی ٹی ڈی اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کر دی۔ دہشتگردوں نے دستی بم سے بھی حملہ کیا۔ سی ٹی ڈی اہلکاروں نے مکان کا محاصرہ کر کے بھرپور جواب دیا۔ علاقہ دیر تک فائرنگ سے گونجتا رہا۔

فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشتگرد مارا گیا اور پانچ کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عمر شاہد نے صحافیوں کو مقابلہ کی تفصیلات بتائیں۔ انہوں نے کہا دہشت گرد شہر میں تباہی کی بڑی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ ان کے قبضے سے چار کلاشنکوف، چار خود کش جیکٹس، پندرہ دستی بم اور بارود سے بھرا رکشہ برآمد کیا گیا۔

ہلاک دہشتگردی کی فوری شناخت نہ ہو سکی۔ گرفتار دہشتگردوں سے تفتیش کی جارہی ہے، اہم انکشافات متوقع ہیں۔