Thursday, April 18, 2024

کراچی میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری

کراچی میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری
July 30, 2019
کراچی ( 92 نیوز) مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل خوب رنگ جمارہا ہے ، کراچی میں دوسرے دن  بھی  صبح سے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے باعث ٹریفک کا نظام بھی درہم  برہم ہوگیا  ہے ۔ کراچی میں مون سون بارشوں کا پہلا اسپیل  جاری ہے جس کے باعث گلیاں، سڑکیں  پانی پانی ہوگئیں ، تیز بارش کے باعث سارا شہر جل تھل ہوگیا ۔ انتظامیہ کی غفلت کے باعث ابر کرم زحمت بن گئی  ، شارع فیصل، یونیوسٹی روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، صدر ، لکی اسٹار، کورنگی، گلستان جوہر سمیت کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہونے سے ٹریفک  کی روانی متاثر ہوئی ۔ بارش کے دوسرے دن بھی بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا  ، لانڈھی، ملیر، کورنگی، قائدآباد اور شاہ فیصل کالونی، ڈیفنس، گلستان جوہر، گلشن اقبال سمیت درجنوں علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ۔ موسم کا حال بتانے والے کہتے ہیں مون سون بارش کا اسپیل کل صبح تک جاری رہے، لیکن آج شام بارش کا سسٹم کمزور ہوجائے گا ، بارش کے پہلے دن سرجانی ٹاؤن میں 119 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ صدر میں 98، فیصل بیس میں 71، نارتھ کراچی میں 64، گلستان جوہر میں 54، ایئرپورٹ پر 53، گلشن حدید میں 52، لانڈھی میں 43 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔