Friday, March 29, 2024

کراچی میں دو دن کے دوران دوسرے تاجر کو بھتے کی پرچی مل گئی

کراچی میں دو دن کے دوران دوسرے تاجر کو  بھتے کی پرچی مل گئی
December 9, 2020

کراچی (92 نیوز) کراچی میں بھتہ خوروں نے ایک مرتبہ پھر سر اٹھالیا ، دو دن کے دوران دوسرے تاجر کو 10 لاکھ روپے بھتے کی پرچی اور ساتھ 2 گولیاں بھی بھیج دیں۔

کراچی میں جرائم پیشہ عناصر دوبارہ سر اٹھانے لگے  ، آئے روز اسٹریٹ کرائم کی وارداتوں میں اضافے کے ساتھ بھتہ خور بھی سامنے آگئے ، ایک کے بعد ایک اور تاجر بھتہ خوروں کی فہرست میں آگیا ، فریئر تھانے کی حدود میں ملزمان نے تاجر  سے 10 لاکھ روپے بھتہ طلب کرلیا ۔

نامعلوم ملزمان نےتاجر کو  ایک ملین روپے بھتہ کی پرچی تھمادی ، جس پر لکھ دیا ’’10 لاکھ روپے دو، ورنہ جان دو ‘‘ ۔  بھتہ خوروں نے پرچی کے ساتھ 2 گولیاں بھی تاجر کو بھیجی ہیں ۔

تاجر نے بھتہ کی پرچی اور گولیاں ملنے سے متعلق پولیس کو آگاہ کردیا، ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر شیخ کا کہنا ہے کہ تاجر سے رابطہ کرکے تفتیش شروع کردی ۔

گزشتہ روز بھی نیو ٹاؤن تھانے کی حدود میں تاجر سے 50 لاکھ روپے بھتہ مانگا گیا تھا ۔