Thursday, April 18, 2024

کراچی میں دال ، چاول اور سبزیاں مہنگی ، آٹا بھی پہنچ سے باہر

کراچی میں دال ، چاول اور سبزیاں   مہنگی ، آٹا بھی پہنچ سے باہر
November 11, 2019

کراچی ( 92 نیوز) کراچی کے عوام کے لئے دو وقت کی روٹی  کا حصول بھی مشکل ہو گیا، چکن اور گوشت کے بعد دال ، چاول  ، سبزیاں اور آٹا بھی پہنچ سے باہر ہیں ۔

کراچی میں دکاندار من مانی کرنے لگے جب کہ پرائس کنٹرول انتظامیہ سمیت سندھ حکومت نے  آنکھیں بند کر لیں ، 42 روپے فی کلو ملنے والا آٹا 50 روپے  فی کلو کا فروخت ہونے لگا ہے جب کہ چینی  65 سے بڑھ کر 75 روپے فی کلو  میں فروخت ہو رہی ہے ۔

 دالیں، چاول، گھی کی فی کلو قیمت میں 30 روپے تک کا اضافہ ہوا ہے۔مہنگائی کی چکی میں پِسی عوام کی پریشانیاں  دور ہونے کا نام نہیں لے رہیں ، کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے نے بجٹ آؤٹ کردیا  ، لیکن سندھ حکومت اور کمشنر کراچی نے آنکھیں بند کر رکھی ہیں ۔

ٹماٹر کی قیمت سُن کر تو عوام بھی لال پیلے ہونے لگے  ، 120 روپے فروخت ہونے والے ٹماٹر کی ہول سیل قیمت 155 سے 165 روپے لیکن غریب عوام کیلئے  ڈھائی سو روپے فی کلو کردی گئی ، خواتین کو بھی کھاناپکانے کی فکر ستانے لگی ۔

پیاز ہول سیل میں 60 سے 63 روپے، لیکن ریٹیل قیمت 80 روپے فی کلو ہے  ، اسی طرح آلو ہول سیل قیمت سے23 روپے زیادہ 40 روپے فی کلو میں فروخت کیا جارہا ہے  جبکہ ہری مرچ نے عوام کو خوب جلن لگادی، اور 120 روپے فی کلو میں مل رہی ہے ۔

دکانداروں نے اشیاء خورونوش کی قیمت بڑھنے کی وجہ طلب و رسد کا فرق قرار دے دیا ۔مسلسل بڑھتی مہنگائی کے باوجود پرائس کنٹرول کمیٹیاں کہیں نظر نہیں آرہیں  جس کی وجہ سے منافع خور بھی سرگرم ہوچکے ہیں ۔