Thursday, April 25, 2024

کراچی میں خاتون اسٹریٹ کرمنل نے ساتھی سے مل کر خریداری کرکے آنے والی فیملی کو لوٹ لیا

کراچی میں خاتون اسٹریٹ کرمنل نے ساتھی سے مل کر خریداری کرکے آنے والی فیملی کو لوٹ لیا
May 5, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں عید کی شاپنگ کرنے والے بھی لٹنے لگے۔ خاتون اسٹریٹ کرمنل نے ساتھی سے مل کر نارتھ ناظم آباد میں خریداری کرکے آنے والی فیملی کو گھر کے باہر لوٹ لیا۔

نارتھ ناظم آباد میں واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج وائرل ہو گئی۔ فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک مرد اور خاتون کار سے اتر کر گھر جا رہے ہیں۔ خاتون کے ہاتھ میں عید کی خریداری کا سامان بھی دیکھا جا سکتا ہے۔ موٹرسائیکل سوار مرد اورایک خاتون آتے ہیں۔ ملزم بیگ سے پستول نکال کر مرد کی طرف بڑھ جاتا ہے جبکہ ملزمہ  خاتون سے شاپنگ کا سامان چھین لیتی ہے۔ ملزم بھی شہری سے نقد رقم اورقیمتی لوٹ لیتا ہے  اور دونوں باآسانی فرار ہو جاتے ہیں۔

دوسری جانب کاریں اور موٹرسائیکل چھینے والے دو سگے بھائی پکڑے گئے۔ ملزم شاہ میر اور ارسلان کو شاہ فیصل کالونی سے گرفتار کیا گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزمان نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے گھیرا ڈال کر پکڑ لیا۔

ملزمان نےرضویہ سے کار چھینی تھی اور اس ہی کار میں دیگر وارداتیں کرتے تھے۔ ملزم بھائیوں سے دو کاریں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کر لی گئی ہے۔

ادھر کراچی تین تلوار کے قریب رواں سال کی سب سے بڑی نقب زنی کی واردات ہوئی۔ نامعلوم ملزم سونار کی دکان سے دس کروڑ روپے مالیت کا 12 کلو سونا لے اُڑے۔ واردات کئی گھنٹے بعد رپورٹ کی گئی۔ پولیس کی تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔