Friday, May 17, 2024

کراچی میں خاتون سمیت 9 اغواء کار گرفتار

کراچی میں خاتون سمیت 9 اغواء کار گرفتار
October 5, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ قائد آباد، کورنگی اور گھگڑ پھاٹک سے خاتون سمیت 9 اغواء کار گرفتار کر لیئے گئے۔ ادھر سعود آباد تھانے کے اہلکاروں نے اپنی ہی عدالت لگالی اور مفت دودھ نہ ملا تو دکان پر دھاوا بول دیا۔ ایک اہلکار نے دکان پر موجود سامان پر غصہ اتارا۔ اہلکار بدمعاشی کرکے دودھ کی بوتلیں اور دکاندار کو ساتھ لے گئے۔ ایس ایس پی کورنگی نے اہلکاروں کو معطل کرکے انکوائری شروع کر دی۔ دوسری طرف اینٹی وائلنٹ کرائم سیل کی بڑی کارروائی دیکھنے میں آئی۔ 25 ستمبر کو گھگڑ پھاٹک سے اغوا کیا گیا آٹھ سال کا بچہ بازیاب کرا لیا گیا جبکہ 5 اغواء کار دھرلیے گئے۔ اے وی سی سی حکام کے مطابق کارروائی گرفتار ملزمان  کی نشاندہی پر کی گئی تھی ۔ دوسری جانب اے وی سی سی نے کورنگی زمان ٹاؤن میں مکان پر لڑکی کے مبینہ اغواء میں ملوث خاتون سمیت دو ملزمان کو گرفتار کر لیا تاہم لڑکی بازیاب نہ ہو سکی ۔ اے وی سی سی نے قائدآباد میں ایک کارروائی کرکے  چند  روز  پہلے  قائد آباد سے اغواء ہونے والی بچی زینب کو بازیاب کرا لیا جبکہ اغواء کار باپ بیٹوں کو  گرفتار کر لیا۔ پیر آباد میں پولیس  نے کارروائی کرکے خواتین کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم لوٹنے والا ملزم گرفتار کرلیا ۔ پولیس کا دعویٰ ہے  ملزم ماجد نے تین خواتین کو شادی کا جھانسہ دے کر رقم لوٹی ملزم نام بدل کر خواتین سے جعلی نکاح کرتا ہے اور ملزم کے  گروہ میں ایک جعلی نکاح پڑھانے والا بھی شامل ہے۔ اینٹی نارکوٹکس فورس نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 4 منشیات اسمگلرز کو گرفتار کرکے 5 کلو سے زائد منشیات برآمد کر لی۔ اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ نے جعلی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا جبکہ ماڑی پور پولیس نے ایک کارروائی میں ڈی آئی جی ٹریفک کے ریڈر کو مزاحمت پر زخمی کرنے والا ملزم گرفتار کر لیا۔