Friday, April 19, 2024

کراچی میں جامعہ دارالعلوم میں ایک شخص سے چاقو برآمد

کراچی میں جامعہ دارالعلوم میں ایک شخص سے چاقو برآمد
July 8, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں جامعہ دارالعلوم میں ایک شخص سے چاقو برآمد ہوا۔ فجر کی نمازکے بعد مشکوک شخص نے مفتی تقی عثمانی سے چند منٹ اکیلے میں بات کرنےکی درخواست کی۔

جامعہ دارلعلوم میں نماز فجر کے بعد چاقو بردار شخص نے مفتی تقی عثمانی سے ملاقات کی کوشش کی۔ملزم ہاتھ میں شاپنگ بیگ لئے مفتی تقی عثمانی کے پاس پہنچا اور کہا کہ وہ علحیدگی میں کچھ بات کرنا چاہتا ہے۔ مفتی صاحب نے علحیدگی میں ملنے سےمعذرت کی۔ وہ شخص پیچھے ہٹا تو ایک محافظ نے اس کے پاس چاقو دیکھا۔ محافظ نے فورا اس شخص کو پکڑ لیا۔ مفتی تقی عثمانی نے آڈیو میں واقعہ کا احوال بتایا۔

ملزم کا نام عاصم لیئق ہے اور وہ گلستان جوہر کا رہائشی ہے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ملزم صبح سویرے سفید گاڑی میں دارالعلوم پہنچا تھا۔ عاصم لیئق کے پاس سے ایک سوٹ اور مٹھائی کا ڈبہ ملا ہے۔ ابتدائی بیان میں بتایا کہ اس نے دو شادیاں کی ہیں۔ ایک بیوی سے خلا کا معاملہ چل رہا، اس کا شرع مسئلہ پوچھنے مفتی تقی عثمانی کے پاس گیا تھا۔

تحریری بیان میں بتایا کہ مفتی صاحب نے کہا کہ بعد میں آنا تو سوچا انہیں مٹھائی کا تحفہ دے دو۔ مفتی تقی عثمانی نے وہ لینے سے انکار کیا ، پھر سوچا کہ جس چاقو سے دفتر میں فروٹ کاٹتا ہوں وہ تحفہ دے دو۔ چاقو جیب سے نکالا تو غلطی سے کھل گیا جس پر سکیورٹی گارڈ نے پکڑ لیا۔ ملزم عاصم لیئق کو تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس سے مزید پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔