Monday, May 6, 2024

کراچی میں تنزانیہ کا نشہ فروخت کرنے والا گروہ بے نقاب ہو گیا

کراچی میں تنزانیہ کا نشہ فروخت کرنے والا گروہ بے نقاب ہو گیا
January 8, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی شہر میں آئس نشے کے بعد تنزانیہ کا نشہ فروخت کرنے والا گروہ بے نقاب ہوگیا۔ 92 نیوز نے گروہ کے سرغنہ کی تصاویر حاصل کر لیں۔ کراچی میں مہنگے آئس نشے کے بعد تنزانیہ کے نشے کی فروخت کا انکشاف ہوا۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ تنزانیہ کا نشہ فروخت کرنے میں کالعدم تنظمیں ملوث ہیں جو افغانستان سے پاکستان کروڑوں روپے کا مال فروخت کرتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق گروہ کا شعیب نامی سرغنہ افغانستان سے پاکستان آن لائن منشیات فروخت کرتا ہے جس کی تصاویر 92 نیوز نے حاصل کر لی ہیں۔ دوسری طرف کراچی سے ٹارگٹ کلرز کا صفایا کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔ جوہر آباد میں پولیس نے مقابلے کے بعد سیاسی جماعت کےعسکری ونگ سے وابستہ ٹارگٹ کلر بابر کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے دوران تفتیش شہر میں بدامنی پھیلانے کے لئے متعدد افراد کو قتل کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کراچی میں چھاپہ مار کارروائی کے دوران نجی اسکول کے پرنسپل اور ٹیچر کے قتل میں ملوث ٹارگٹ کلر حسین کو شکنجے میں لے لیا۔ سی ٹی ڈی حکام کا دعویٰ ہے کہ ملزم فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث ہے۔