Sunday, May 12, 2024

کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے وفاق کا ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ

کراچی میں ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کیلئے وفاق کا ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ
September 26, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کے لئے ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا ، کراچی ٹرانسفارمیشن پیکج کے منصوبوں کی منظوری وفاقی کابینہ سے لی جائے گی ،گرین لائن میٹرو بسوں کی خریداری کے لیے نئی شرائط عائد کردی گئیں۔

معاشی دارالخلافہ کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے  کمیٹیوں کے قیام کا سلسلہ جاری ہے ، وفاقی حکومت نے پی ٹی آئی ایم کیوایم ارکان اسمبلی پر مشتمل ایک اور کمیٹی کے قیام کا فیصلہ کیاہے۔ متعلقہ وفاقی وزارتوں کے سینئر حکام بھی نجیب ہارون کی سربراہی میں قائم کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

مجوزہ کمیٹی کراچی میں وفاقی منصوبوں کی  نگرانی اور دیگر انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے کام کرے گی  ، وزیر اعلیٰ مرادعلی شاہ کی سربراہی میں قائم صوبائی عمل درآمد اور تعاون کمیٹی کا اجلاس بھی  28ستمبر کو متوقع ہے جس میں وفاقی صوبائی حکومتوں کے سینئر حکام  اور اعلی عسکری حکام شریک ہونگے۔

کراچی میں گرین لائن میٹرو منصوبے کے لئے بسوں کی خریداری کے ٹینڈر میں تاخیر ہوگئی ہے ، پشاور بی آرٹی میں آتشزدگی کے مسلسل واقعات کے  بعد بولی دہندہ کمپنیوں کے لئے نئی شرائط عائد کی گئی ہیں ۔

گرین لائن اور ایدھی اورنج لائن میٹرو کے لیے سات ارب روپے سے زائد کی بسیں خریدی جانی ہیں ، ٹیکنیکل بڈنگ میں پانچ عالمی شہرت یافتہ کمپنیوں نے کوالیفائی کیا ہے ۔

کمپنیوں کو انڈر ٹیکنگ دینا ہوگی کہ فراہم کردہ کراچی میٹرو بسوں میں آگ نہ لگنے کے لئے تمام تکنیکی امور مکمل کیے جائیں گے۔