Thursday, April 25, 2024

کراچی میں تحریک لبیک کا دھرنا نویں روز میں داخل ، پرامن ہڑتال کا اعلان

کراچی میں تحریک لبیک کا دھرنا نویں روز میں داخل ، پرامن ہڑتال کا اعلان
November 27, 2017

کراچی ( 92 نیوز ) کراچی میں تحریک لبیک یارسول اللہ کا دھرنا 9 ویں روز میں داخل ہو گیا ۔ آج پُرامن ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے ۔
دھرنے کے شرکا نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت مذاکرات کرے ۔ معاملہ افہام و تفہیم سے حل کیا جاسکتا ہے ۔ ادھر سندھ رینجرز نے زبردستی دکانیں، بازار اور ٹرانسپورٹ بند کرانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔
کراچی میں نمائش چورنگی پر تحریک لبیک یارسول اللہ نے آج پُرامن ہڑتال کا اعلان کیا ہے اور تاجر اور ٹرانسپورٹرز سے حمایت کی اپیل کردی ۔
علامہ غازیانی نے کہا کہ کارکنوں پر تشدد اور گرفتاریاں قابل مذمت ہیں ۔ آپریشن کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ۔ حکومت مذاکرات کرے۔
راجہ قادری کا کہنا ہے کہ ایس ایس پی راو انوار نے کارکنوں کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی، تشدد اور بلا جواز گرفتاریوں کا نوٹس لیا جائے۔
دھرنا شرکا نے کہا کہ ہم پُرامن تھے، ہیں اور رہیں گے، وفاقی حکومت وزیر قانون زاہد حامد سے استعفیٰ طلب کرے ۔
دوسری جانب سندھ رینجرز نے زبردستی مارکیٹیں اور ٹرانسپورٹ بند کرانے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ رینجرز حکام کے مطابق شہریوں کو ہڑتال اور پہیہ جام سے نجات دلائی ہے، رینجرز صبح سے ہی مارکیٹوں اور سڑکوں پر موجود رہے گی۔