Friday, May 10, 2024

کراچی میں بھتہ خور سرگرم، بھتہ کی رقم نہ بڑھانے پر ٹرانسپورٹر کا کاروبار بند کرا دیا

کراچی میں بھتہ خور سرگرم، بھتہ کی رقم نہ بڑھانے پر ٹرانسپورٹر کا کاروبار بند کرا دیا
October 10, 2019
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں بھتہ خور سرگرم ہو گئے۔ بھتہ کی رقم نہ بڑھانے پر ٹرانسپورٹر کا کاروبار بند کرا دیا۔ 19 سال قبل بیرون ملک سے پاکستان آکر ٹرانسپورٹ کا کاروبار کرنے والے سکندر حیات  نے بھتہ خور عبدالستار بلوچ کے خلاف ڈی جی رینجرز کو درخواست دے دی۔ تاجر کا کہنا ہے کہ عبدالستار بلوچ  اب تک دو کروڑ 16 لاکھ روپے کا بھتہ وصول کر چکا ہے۔ بھتہ بڑھانے کے مطالبے سے  انکار پر بس اڈے کو تالے لگا د ئیے گئے ہیں جبکہ بسوں کو آگ لگانے کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔ سکندر حیات نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ عبدالستار بلوچ نے بھتہ خوری کے لئے سابق صدر آصف زرداری کا نام بھی استعمال کیا۔ بھتہ خور گروپ کے سلامت لاکھو کے خلاف 32 مقدمات درج ہیں لیکن اسے گرفتار نہیں کیا گیا۔ سکندر حیات نے ڈی جی رینجرز سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ لیاری گینگ وار کے بھتہ خور گروپ کے خلاف کارروائی کی جائے۔