Monday, September 16, 2024

کراچی میں بڑے آپریشن کی تیاریاں‘ وفاقی حکومت کھل کر سامنے آ گئی

کراچی میں بڑے آپریشن کی تیاریاں‘ وفاقی حکومت کھل کر سامنے آ گئی
January 30, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں بڑے آپریشن کی تیاریاں مکمل‘ وفاق نے سندھ رینجرز کو فری ہینڈ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق چودھری نثارعلی خان نے ڈی جی رینجرز سندھ کو فون کیا۔ دوران گفتگو اس بات پراتفاق کیا گیا کہ جرائم میں ملوث سیاسی عناصر کے گرد بھی گھیراتنگ کیا جائے گا۔ چودھری نثارعلی خان نے ڈی جی رینجرزسے کہا کہ کراچی میں امن لانے کیلئے جو کرنا ہے کریں‘ آپریشن کی راہ میں حائل ہر رکاوٹ دور کرینگے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے رینجرز نے ملزمان کی فہرستیں تیار کر لی ہیں جبکہ جرائم میں ملوث سیاسی عناصر کیخلاف کارروائی بھی متوقع ہے۔ آپریشن کے حوالے سے رینجرز نے وفاق سے مدد بھی طلب کی ہے۔ وزیرداخلہ چوہدری نثارنے اس حوالے سے ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر سے خصوصی مشاورت بھی کی۔ ٹیلیفونک گفتگو میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن کو صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کے عوام کی حمایت حاصل ہے۔ کراچی آپریشن کے راستے میں ہر رکاوٹ کو دور کریں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آپریشن کو آئندہ دنوں میں مزید بہتر انداز میں آگے بڑھایا جائے گا۔ انہوں نے کراچی آپریشن کے حوالے سے پولیس اور رینجرز کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔