Sunday, September 8, 2024

کراچی میں بلدیہ فیکٹری کے المناک واقعے کو 5 سال بیت گئے

کراچی میں بلدیہ فیکٹری کے المناک واقعے کو 5 سال بیت گئے
September 11, 2017

کراچی (92 نیوز) کراچی میں بلدیہ فیکٹری کے المناک واقعے کو پانچ سال بیت گئے۔ بچھڑنے والوں کی یاد میں لواحقین کے دل اج بھی جل رہے ہیں۔ حادثے میں جاں بحق اقبال سعید کے پانچ بچے آج بھی اپنے باپ کی یاد میں سلگ رہے ہیں۔

دس سالہ احمد رضا، سانحہ بلدیہ فیکٹری کے بعد اپنے والد کی یاد میں دل گرفتہ ہے۔ رنج و غم اب اقبال سعید کے تین بیٹوں اور دو بیٹیوں کے ساتھ ہی ان کے گھر پر رہتا ہے۔ نائنٹی ٹو نیوز نے لواحقین سے بات کرنا چاہی تو بچے باپ کی یاد میں زار و قطار رونے لگے۔

خاندان کے واحد کفیل کی ناگہانی موت کے بعد نا کوئی کمانے والا رہا نا کوئی تسلی دینے والا۔ بیٹے کی موت پر باپ نوحہ کناں ہے۔ حکومت کے اعلان کے باوجود ان کا کوئی والی وارث نہیں۔

گیارہ ستمبر دوہزار بارہ کو سانحہ بلدیہ فیکٹری میں 250 سے زائد افراد زندہ جل کر جاں بحق ہوئے تھے۔ حکومت اور دیگر اداروں نے متاثرین کی مدد کا اعلان بھی کیا تھا مگر وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوجائے۔