Friday, May 10, 2024

کراچی میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی بحال

کراچی میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی بحال
May 22, 2021

کراچی (92 نیوز) کراچی میں بجلی کے بریک ڈاؤن کے بعد بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔ 

کراچی میں بجلی کا نظام ایک بار پھر دغادے گیا۔ کے الیکٹر کا بوسیدہ نظام دوبارہ بیٹھ گیا۔ چھیاسٹھ میں سے پیینتالیس فیڈرز نے کام چھوڑ دیا۔ نیشنل گرڈ میں فنی خرابی نے شہر کے آدھے حصے کو دو سے ڈھائی گھنٹے بجلی سے محروم رکھا۔

ایکسٹرا ہائی ٹینشن لائن ٹرپ ہونے سے ایک ہزار میگاواٹ بجلی سسٹم سے نکل گئی۔

کے الیکٹرک این کے بلدیہ ون اور ٹو میں دوپہر کے وقت خرابی پیدا ہوئی۔ شدید گرمی میں گلستان جوہر، نیو کراچی، گلشن اقبال کے مکینوں کا برا حال ہوگیا۔ کھارادر، لانڈھی، ملیر اور لیاری والوں کو بھاری اذیت برداشت کرنی پڑی۔ بفرزون، شادمان، لیاقت آباد اور سرجانی کے باسیوں کو پریشانی ملی۔

دو گھنٹوں کے بعد آہستہ آہستہ شہر کے مختلف علاقوں کو بجلی کی فراہمی شروع ہوگئی۔ جوہر، گلشن ، ایف بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، بہادر آباد ،آئی آئی چند ریگر روڈ سمیت بیشتر علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی۔

ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق تھوڑی دیر بعد ہی بحالی کا عمل شروع کردیا گیا تھا۔ بریک ڈاؤن کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔