Saturday, April 20, 2024

کراچی میں بارشوں کے حالیہ سلسلے کے دوران حادثات میں 19افراد جاں بحق

کراچی میں بارشوں کے حالیہ سلسلے کے دوران حادثات میں 19افراد جاں بحق
August 10, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی  میں بارشوں کے حالیہ سلسلے کے دوران  حادثات میں 19افراد جاں بحق ہو گئے ، بیشتر اموات کے الیکٹرک کی غفلت سے کرنٹ لگنے سے ہوئیں ۔

کراچی میں موسلا دھار بارشوں کا چوتھا اسپیل جاری ہے ، مگر کے الیکٹرک اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث  19 شہری اپنی جان سے گئے۔

اتوار کے روز اورنگی ٹاؤن میں دو بچوں کا باپ  38 سالہ محمد بلال کرنٹ لگنے سے جاں بحق

ہو گیا ، متوفی کے بھائی نے بتایا کہ گھرکے ساتھ ہی ہائی ٹیشن لائن گزر رہی ہے جو چھت کو چھو رہی ہےتاروں کو ہٹانے کیلئے کئی بار کے الیکٹرک  کو شکایت مگر کچھ نہ ہوا ۔

ادھر مہران ٹاؤن میں19 سالہ احتشام اور ابراہیم  حیدری میں  60 سالہ پپو کی زندگی کے چراغ بھی بجلی کے تاروں نے گُل کیے جبکہ ہفتے کو لیاقت آباد  ایف سی ایریا میں 5سالہ جواد بھی کرنٹ  لگنے سے جاں بحق ہوا تھا ۔

آٹھ اگست کو جوڑیا بازار میں 30 سالہ منصب خان  ،بلدیہ اتحاد ٹاؤن  میں 18 سالہ  شاہد  ،مدینہ کالونی  میں 6سالہ عبدالرحمن  زندگی کی بازی ہار گئے ۔

جمعہ کے روزگلشن اقبال میں  کرنٹ لگنے سے 28 سالہ سرفراز  ،سٹی کورٹ کے قریب  20سالہ جواد ، سول اسپتال کے قریب  8سالہ انس ، ماڈل کالونی میں سالہ 27محمد بلال ، کلاکوٹ لیاری میں  30سالہ شخص کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوئے  جبکہ لانڈھی میں دکان کے شٹر سے کرنٹ لگنے سے 18سالہ قیصر اپنی زندگی گنوا بیٹھا تھا ۔

ہفتے کے روز پاک کالونی جہان آباد میں گھر کی چھت گرنے  سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوا جبکہ مختلف علاقوں  میں بارش کے دوران ندی میں ڈوب کر  2 بچوں سمیت 4 افراد

جاں بحق ہو گئے۔