Friday, May 10, 2024

کراچی میں بارشوں سے حادثات ،5افراد جاں بحق

کراچی میں بارشوں سے حادثات ،5افراد جاں بحق
July 7, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں رواں سال مون سون کی پہلی ہی بارش محکمہ  بلدیات کیلئے امتحان بن گئی ، چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں  5افراد جاں بحق ہو گئے ۔

بارش کے باعث مختلف حادثات میں 5 افراد جان کی بازی ہارگئے  ، ابراہیم حیدری میں مکان کی چھت گرنے سے 2 افراد اورلیاقت آباد میں گھر کی دیوار گرنے سے خاتون جاں بحق ہوگئی  جبکہ اورنگی ٹاؤن میں کرنٹ لگنے سے بچہ جاں بحق اور ملیر شمسی سوسائٹی میں دیوار گرنے سے 3 سال کی بچی دم توڑگئی ۔

کراچی میں برساتی نالوں کی صفائی نہ کیے جانے کا عذاب شہریوں کو جھیلنا پڑا  ، شہر کی سڑکیں اور محلے تالاب بنے رہے  ، جن میں گاڑیاں اور شہری پھنس گئے ۔  ٹریفک جام ہوجانے کے باعث سیکڑوں گاڑیاں گھنٹوں پھنسی رہیں جبکہ چھتیں اور دیواریں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 5 افراد جاں بحق ہوگئے ۔

شہر قائد میں مون سون کی پہلی برسات  ،لیکن سندھ حکومت کا  رین ایمرجنسی منصوبہ مکمل فیل ہوگیا اور حکومتی نااہلی نے باران رحمت شہریوں کیلئے زحمت بنادی  ، ہزاروں ٹن کچرے کے ڈھیر صاف نہ کیے جانے کے باعث نالے ابل پڑے ۔

 ڈیفنس جیسے علاقے میں بھی ابلتے گٹر نے سڑکیں گندے پانی کے نالے میں بدل دیں  ، نکاسی آب نہ ہونے کے باعث مصروف ترین شارع فیصل سمیت کئی علاقے پانی میں ڈوبے رہے ، جس کے باعث گاڑیوں کی طویل لائنیں لگنے سے شہریوں کو گھنٹوں انتظار کرنا پڑا  جبکہ کئی علاقوں میں گاڑیوں پر درخت بھی گرگئے  اور شارع فیصل پر اونچی عمارت سے بل بورڈ بھی بارش کے باعث نیچے آگرا ۔