Wednesday, May 8, 2024

کراچی میں بارشوں سے تباہی ، نکاسی نہ ہونے سے پانی جوں کا توں

کراچی میں بارشوں سے تباہی ، نکاسی نہ ہونے سے پانی جوں کا توں
August 26, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی آج بھی گذشتہ روز ہونے والی بارش کے پانی میں ڈوبا ہوا ہے جہاں ندیوں کے بند ٹوٹے وہاں رہائشی علاقے دریا کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ گذشتہ روز کی بارش نے شہر قائد میں تباہی مچا دی۔ آج بھی شہر زیرآب ہے۔ ندی نالوں کے بند ٹوٹے تو علاقے دریا کا منظر پیش کرنے لگے۔ ملیر ندی بھپری تو ہر طرف  پانی ہی پانی  ہو گیا۔ جہاں جہاں سے ریلا گزرا وہاں تباہی مچا دی۔ قائدآباد کے قریب گوٹھ  میں پانی کے ریلے سے گھر تباہ ہو گئے، سامان بہہ گیا۔ ملیر کے درجنوں دیہات سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔ لاسی گوٹھ ، سموں گوٹھ ، کوہی گوٹھ، ملا شاہ گوٹھ میں سو سے زائد مکانات گر گئے۔ تین افراد ڈوب کر جان سے گئے۔ مویشی بھی ہلاک ہو گئے۔ شہر کو کورنگی انڈسڑیل ایریا سے ملانے والی کورنگی کازوے بھی پانی میں ڈوبی ہوئی ہے۔ ماڈل کالونی میں بارش کے بعد نکاسی آب نہ ہونے سے سڑکیں تالاب بنی ہوئی ہیں اور ٹوٹ پھوٹ کا بھی شکار ہیں۔ بلوچ کالونی کے قریب دادا بھائی کالونی میں بھی پانی موجود ہے۔ محلے تالاب اور گلیاں ندی کا منظر پیش کر رہی ہیں۔ یہاں بھی انتظامیہ غائب ہے۔ شہر میں بجلی کا نظام بھی متاثر ہے۔ مختلف علاقوں میں بجلی بند ہے۔ لانڈھی، کورنگی، ملیر اور شاہ فیصل کےعلاقوں میں کئی گھنٹوں سے بجلی غائب ہے۔ اورنگی ٹاون، بلدیہ ٹاون، رنچھوڑ لائن، لائینز ایریا کے علاقوں کے مکین بھی بجلی کی بندش سے پریشان ہیں۔