Saturday, April 20, 2024

کراچی میں بارش کا پانی موت بن کر پانچ افراد کی زندگیاں نگل گیا

کراچی میں بارش کا پانی موت بن کر پانچ افراد کی زندگیاں نگل گیا
August 28, 2016
کراچی (92نیوز) کراچی میں دوسرے روز بھی موسلا دھار بارش ہوئی۔ انتظامی نااہلی نے ابر رحمت کو زحمت بنا دیا۔ ایک طرف نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا تو دوسری جانب کرنٹ لگنے اور چھت گرنے سے پانچ افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ کے الیکٹرک کے 180 فیڈرز ٹرپ کر گئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں دوسرے روز کی موسلادھار بارش سے سڑکوں اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہو گیا لیکن پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہیں کیا جا رہا۔ بارش ہوتے ہی کے الیکٹرک کا بٹھا بیٹھ گیا۔ ایک سو اسی فیڈرز ٹرپ ہوئے تو شہر کے اکثر علاقوں میں بجلی چھومنتر ہو گئی۔ ترجمان کے مطابق فیڈرز کی بحالی کا کام جاری ہے۔ شہری احتیاط برتیں۔ دوسری جانب بارش کے دوران نارتھ کراچی، کلفٹن، اورنگی اور سول لائن میں گھر کی چھت، دیوار گرنے اور کرنٹ لگنے سے پانچ افراد کی زندگی کا چراغ بجھ گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ہلکی اور موسلادھار بارش کا سلسلہ کل شام تک جاری رہے گا۔