Friday, March 29, 2024

کراچی میں بارش نے سندھ حکومت کے انتظامات کا پول کھول دیا

کراچی میں بارش نے سندھ حکومت کے انتظامات کا پول کھول دیا
July 7, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوئی۔ ایئرپورٹ، ملیر، سرجانی ٹاؤن، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ بارش نے سندھ حکومت کے انتظامات کا پول کھول دیا۔ کراچی میں بلدیاتی اداروں کی بدانتظامی کی وجہ سے ایک بار پھر رحمت زحمت بن گئی۔ آسمان سے چند بوندیں کیا گریں شہر قائد کی شاہراہیں اور گلیاں تالاب بن گئے۔ کاروباری مرکز اولڈ سٹی ایریا پانی پانی ہو گیا۔ بارش کے باعث ایمپریس مارکیٹ ، برنس روڈ، جامع کلاتھ، جوڑیا بازار ، کھارادر، میٹھادر، لیاری اور کیماڑی متعدد علاقوں میں پانی موجود ہے۔ میئر کراچی وسیم اختر کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت اور ورلڈ بینک نے کراچی کے بڑے 38 نالوں کے چوکنگ پوائنٹس کی صفائی کے لیے 45 دن دئیے ہیں۔  نالوں کے چوکنگ پوائنٹس صاف ہو جائیں گے۔ کراچی میں مون سون کے حوالے سے گزشتہ ہفتے سے ہی الرٹ جاری کیا گیا تھا لیکن انتظامیہ خاموش تماشائی بنے صرف بارشوں کا اتنظار کرتی دکھائی دی۔ اب بھی بارشوں کا سلسلہ تھما نہیں،  پی ڈی ایم اے کی جانب سے کراچی اور حیدرآباد ڈویژن میں اربن فلڈ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ کمشنر کراچی اور حیدرآباد کو بھیجے گئے مراسلے میں صورتحال سے پہلے انتظامات کی ہدایت کی گئی ہے۔