Thursday, April 18, 2024

کراچی میں بارش تھمے 20 گھنٹے گزر گئے ، متعدد مقامات پر پانی تاحال موجود

کراچی میں بارش تھمے 20 گھنٹے گزر گئے ، متعدد مقامات پر پانی تاحال موجود
July 27, 2020

کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں بارش تھمے بیس گھنٹوں سےزائد وقت گزرچکا ہے لیکن اب بھی بہت سےمقامات پربارش کا پانی جمع ہے،شاہراہ فیصل،یونیورسٹی روڈ، اور ایم اے جناح روڈ پربھی جگہ جگہ پانی جمع ہے،گلی محلوں کی صورتحال بھی خراب ہے،شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات پیش آرہی ہیں،کراچی والے سوال کرتےہیں کہ کب وہ وقت آئے گاکہ وہ بارش میں صرف مزےکرسکیں گے۔

چند منٹوں کی بارش نے کراچی کو ڈبو دیا ،گذشتہ روز کی بارش نے آدھے سےزیادہ شہر کو ڈبو دیا ، بارش رکےبیس گھنٹوں سےزائد وقت گزرگیا لیکن بہت سےعلاقوں میں پانی نہیں نکالاجاسکا۔

شہر کی اہم شاہراہ شارع فیصل پربھی جگہ جگہ پانی جمع ہے ، ایم اے جناح روڈاوریونیورسٹی روڈ پر بھی پانی  موجود ہے ، پی ای سی ایچ ایس سوسائٹی اورلائنیزایریا میں گھروں میں  داخل ہونے والا پانی  اب تک نہیں نکلاجاسکاہے۔شہری سوال کرتےہیں کب تک انتظامیہ کی نااہلی ان کے لئےعذاب بنی رہی گی۔

قائداعظم کی جائے پیدائش وزیرمینشن کےباہر بھی پانی موجود ہے ، اولڈایریا میں  جگہ جگہ پانی ،کیچڑاورگندگی کےڈھیر نظرآرہےہیں ، شہری کہتےہیں برساتی نالوں کی بروقت صفائی ہوجاتی تو شہر اس طرح نہ ڈوبتا۔

شہریوں نےمطالبہ کیاکہ سندھ وزرا اور میئرکراچی  گھروں سےنکل کرشہرکا دورہ کریں ، تاکہ انہیں  پتہ چلے کہ شہری کس عذاب کا شکار ہیں۔