Friday, April 26, 2024

کراچی میں بارش، انتظامیہ کی نااہلی سے شاہراہ فیصل دریا کا منظر پیش کرنے لگی

کراچی میں بارش، انتظامیہ کی نااہلی سے شاہراہ فیصل دریا کا منظر پیش کرنے لگی
July 17, 2020
کراچی (92 نیوز) موسم برسات میں کراچی کی شہری انتظامیہ ہو یا متعلقہ ادارے، نا اہلی اور غفلت ایک بار کھل کر سامنے آگئی۔ شاہراہ فیصل ایک بار پھر دریا کا منظر پیش کرنے لگی، کئی کئی فٹ پانی کھڑا ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کراچی میں تیز بارش شہر جل تھل، شاہراہ  فیصل ایک بار پھر سب سے زیادہ متاثر ہوئی، دریا کا منظر پیش کرتی مرکزی شاہراہ نے شہری انتظامیہ اورمتعلقہ اداروں کے دعوؤں اور کارکردگی کی قلعی کھول دی۔ نالوں کی بروقت صفائی نہ ہونے سے شاہراہ فیصل کے دونوں ٹریکس پر دو سے تین فٹ تک پانی کھڑا ہوگیا جس سے ٹریفک کی روانی انتہائی سست ہوگئی جبکہ بیچ سڑک پر گاڑیاں اور بائیکس بند ہو جانے کے باعث شہریوں کو اذیت کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث شاہراہ فیصل کی بدترین صورتحال پر شہریوں نے بھی حکومت  اور زمہ دار اداروں پر کھل کر تنقید کی۔ کراچی میں برسات کےدوران شاہراہ فیصل زیر آب آنے کا یہ کوئی پہلا موقع نہیں ہے گذشتہ باشوں کے دوران بھی شاہراہ فیصل شدید متاثر ہوئی تھی مگر متعلقہ اداروں کی طرف سے کوئی اقدامات نہیں ہوئے۔ علاوہ ازیں جناح اسپتال کراچی کی پرانی سرجیکل بلڈنگ کے گراؤنڈ فلور پر بارش کا پانی جمع ہوگیا، مریضوں کے لواحقین کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، سرجیکل بلڈنگ میں ایک آپریشن تھیٹر اور 3 وارڈز قائم ہیں۔