Wednesday, May 8, 2024

کراچی میں بادل پھر برس پڑے ، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے

کراچی میں بادل پھر برس پڑے ، موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے
September 7, 2021 ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) کراچی میں بادل پھر برس پڑے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی۔

قائدآباد، ملیر ، گلشن حدید ، اورنگی ٹاؤن ، بلدیہ ٹاؤن، شارع فیصل ، گلستان جوہر، لانڈھی سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔ موسم خوشگوار ہونے سے شہریوں کے چہرے کھل اٹھے۔

کراچی والے پھر تیاری پکڑ لیں۔ اس بار ساون کے موسم میں جم کر مینا برسے گا۔ محکمہ موسمیات نے سات ستمبر سے 11 ستمبر تک سندھ بھر میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا ایک اور سسٹم وسطی بھارت میں موجود ہے۔ اس سسٹم کے تحت 7 تا 11 ستمبر تھر، عمر کوٹ، سانگھڑ، میرپورخاص، بدین اور ٹھٹھہ میں گرج چمک اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش کا امکان ہے جبکہ کراچی، حیدرآباد ، شہید بےنظیرآباد اور جامشورو میں 8 ستمبر سے 11 ستمبر تک تیز ہوائوں کے ساتھ ہلکی اور تیز بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

دوسری جانب منگل کو ایک لوکل سسٹم کے تحت ملیر ،گلشن حدید اور ملحقہ علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ جبکہ آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27.5 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 85 فیصد رہا۔