Friday, April 26, 2024

کراچی میں انوکھا اسپتال، مریضوں کیلئے طعام میں چکن، بیف اور مچھلی

کراچی میں انوکھا اسپتال، مریضوں کیلئے طعام میں چکن، بیف اور مچھلی
November 2, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی میں ایک ایسے اسپتال کا انکشاف ہوا ہے، جس کی انتظامیہ نے مریضوں کو ایسے ایسے کھانے کھلائے کہ اس پر اعتبار کرنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہوگیا، انتظامیہ رپورٹ کے مطابق مریضوں کو چکن، بیف، مٹن، مچھلی اور بادام کھلایا گیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے رپورٹ کے بعد انکوائری شروع کردی۔ سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد میں مریضوں کو 5 یا 10 کلو نہیں، بلکہ پورے 1100 کلو چکن کھلائی گئی،بات یہیں نہیں رکی، 1200 کلو مچھلی،700، 700 کلو مٹن اور بیف کا ذائقہ بھی چَکھنے کا موقع دیا اور تو اور 500 کلو گرام بادام کھلاکر مریضوں کی خوب تواضع کی گئی۔ یہ دعویٰ اسپتال انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی دستاویزات میں سامنے آیا ہے۔ رپورٹ سامنے آنے کے بعد محکمہ اینٹی کرپشن کی بھی آنکھی کھلی کی کھلی رہ گئیں جس کے ساتھ ہی ڈائیٹ پروگرام، دوائیوں اور دیگر اخراجات کی تفصیل مانگ لی۔ بھاری بھرکم کھانے کے ساتھ اسپتال کے زیر استعمال گاڑیوں کیلئے روزانہ 300 لیٹرپٹرول استعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے پھرتیاں دکھانا شروع کردیں اور افسران کے ساتھ ٹھیکیداروں سے بھی مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔