Friday, April 26, 2024

کراچی میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم چھٹے روز بھی جاری

کراچی میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم چھٹے روز بھی جاری
July 25, 2020
کراچی (92 نیوز) انسداد پولیو مہم کے خصوصی ہدف کے تحت ہفتہ کو کراچی کے مخصوص علاقوں میں چھٹے روز بھی پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ کورونا سے احتیاط ضروری ہے لیکن پولیو سے تحفظ بھی ضروری ہے۔ پہلے مرحلے میں لاہور ، فیصل آباد، کراچی، کوئٹہ، اٹک اور جنوبی وزیرستان کے کچھ علاقوں میں بچوں کو قطرے پلائے جا رہے ہیں۔ کراچی میں بلدیہ، اورنگی، نارتھ ناظم آباد اور لیاقت آباد سمیت مخصوص علاقوں میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم جاری ہے۔ 26 جولائی کو ختم ہونے والی اس مہم کے دوران 2 لاکھ 60 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کوئٹہ کی 10یونین کونسلز میں انسداد پولیو مہم ختم ہو گئی، ایمرجنسی آپریشن سینٹرکوئٹہ کے مطابق پولیو مہم کے دوران 80 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے،:مہم میں رہ جانے والے بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کی ویکسین پلانے کیلئے آج کیچپ ڈے منایا جائے گا۔ کوئٹہ کی مہم کے دوران 10 یونین کونسلز میں ایک لاکھ 10 ہزار بچوں کو پولیو ویکسین پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ پولیو مہم میں 541 ٹیموں 395 موبائل ٹیموں اور 34 فکسڈ سینٹرز پر پولیو کے قطرے پلائے گئے۔