Wednesday, April 24, 2024

کراچی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع

کراچی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع
November 2, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں انسداد پولیو مہم کا دوسرا مرحلہ شروع ہو گیا۔ ایمرجنسی آپریشن سنٹر برائے انسداد پولیو سندھ کے مطابق پولیو سے بچاؤ کی مہم کراچی حیدرآباد اور میرپورخاص میں 8 نومبر تک جاری رہے گی۔ قوم کے بچوں کو پولیو سے محفوظ رکھنے کا مشن لیئے سندھ کے مختلف اضلاع میں انسداد پولیو مہم کا آغاز کر دیا گیا جس دوران 7 دن تک 90 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ کراچی میں بھی پولیو کے خاتمے کیلئے مہم شروع کر دی گئی ۔ پہلے دن انسداد پولیو ٹیموں نے گھر گھر جا کر 5 سال تک عمر کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے ۔ کراچی میں پولیو کے خاتمے کیلئے مہم کے دوران 22 لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ٹارگٹ رکھا گیا ہے۔ حیدر آباد میں بھی پانچ روزہ انسداد پولیو مہم کا آغاز ہو گیا ہے۔ 3 لاکھ 23 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر لالا جعفر کا کہنا ہے کہ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں کو معذوری سے بچانے کے لئے پولیو سے بچاؤ کے قطرے ضرور پلوائیں۔ دادو میں بھی 5 روزہ انسداد پولیو مہم  کے  پہلے روز بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے ۔ ضلع بھر میں  3 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے ایک ہزار سے  زائد پولیو کی ٹیمیں اپنی ڈیوٹی سر انجام دینے میں مصروف ہیں۔ انسداد پولیو مہم کے دوران سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور ہر ٹیم کے ساتھ پولیس نے جوان تعینات کیے گئے ہیں جبکہ شہر قائد میں 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔