Friday, April 26, 2024

کراچی میں امریکی اور ایرانی قونصل خانوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی

کراچی میں امریکی اور ایرانی قونصل خانوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی
January 5, 2020
 کراچی (92 نیوز) کراچی میں امریکی اور ایرانی قونصل خانوں کی سکیورٹی سخت کر دی گئی۔ وفاقی وزارت داخلہ نے ڈی جی رینجرز سندھ اور آئی جی کو خط لکھ دیا۔ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ کشیدگی کے باعث سکیورٹی میں اضافے کی ہدایت جاری کی گئی ۔ ایران کے اہم ترین کمانڈر اور القدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی بغداد کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایک امریکی فضائی حملے میں مارے گئے تھے۔ حملے میں عراق میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا پاپولر موبلائزیشن فورس (پی ایم ایف) کے ڈپٹی کمانڈر ابو مہدی المہندس بھی ہلاک ہو گئے تھے ۔ دونوں کی گاڑی کو ہوائی اڈے کی طرف جاتے ہوئے نشانہ بنایا گیا تھا۔ پینٹاگون نے جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں صدارتی حکم کے مطابق نشانہ بنایا گیا تاکہ مستقبل میں ایرانی حملوں کے منصوبوں کو روکا جا سکے ۔ ایران کی خبر رساں ایجنسی فارس پر نشر ہونے والے ایک بیان میں پاسدارانِ انقلاب نے بھی ان کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔