Thursday, May 9, 2024

کراچی میں اسٹریٹ کریمنلز بے قابو  ، عوام دن دیہاڑے لٹنے لگے

کراچی میں اسٹریٹ کریمنلز بے قابو  ، عوام دن دیہاڑے لٹنے لگے
February 17, 2020
کراچی ( 92 نیوز) کراچی میں قانون نافذ کرنے والوں کے جگہ جگہ ناکے کسی کام نہ آئے  اور دن دیہاڑے لوٹ مار کی وارداتوں کا سلسلہ تھم نہ سکا ، ابراہیم حیدری میں نجی یونیورسٹی کی طالبات کو لوٹ لیا گیا ،،، جبکہ ناظم آباد میں گاڑی سے قیمتی سامان چوری کرلیا گیا ۔ کراچی میں اسٹریٹ کرائم کا جن بے قابو  ہو گیا ، ابراہیم حیدری میں دن دیہاڑے نجی یونیورسٹی کی بس میں لوٹ مار  کی گئی ، ملزمان نے طالبات سے موبائل فون اور پرس چھینے اور آسانی سے چلتے بنے  ، طالبات کے اہلخانہ واقعے کیخلاف شدید مشتعل ہوگئے  اور پولیس کی غفلت کو آڑے ہاتھوں لیا ۔ ناظم آباد میں پارکنگ میں کھڑی گاڑی سے قیمتی سامان چوری کرلیا گیا  ، سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک ملزم کوگاڑی کا شیشہ توڑتے دیکھا جاسکتا ہے  جس کے بعد لٹیرے نے بیگ نکالا اور نو دو گیارہ ہوگیا ۔ ادھر پاکستان کوسٹ گارڈز نے منشیات بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی  اور پسنی کے پہاڑوں پر کارروائی کرتے ہوئے 800 کلو سے زائد منشیات برآمد کرلی  جبکہ سپرہائی وے پر گیس ٹینکر سے 26,730 کلو گرام چھالیہ برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفت میں لے لیا ۔ ترجمان کے مطابق چھالیہ اور منشیات کی مالیت 1285 ملین روپے ہے ۔